Thursday, 14 April 2016

Hazrat Khawaja Gharib Nawaz Akhlaque O Irshadat


حضرت خواجہ غریب نواز اخلاق وارشادات

مفتی محمد مجاہد حسین حبیبی


تیرے پائے کا کوئی ہم نے نہ پایا خواجہ                     تو زمیں والوں پہ اللہ کا سایہ خواجہ 



سر زمین ہند کے ایک محدود خطے میں اگر چہ اسلام پہلی صدی ہجری ہی میں پہنچ چکا تھا لیکن یہ افسوس ناک حقیقت ہے کہ چھٹی صدی ہجری تک ہندوستان میں بندگان خدا کی اکثریت کفر و شرک اور ضلالت و گمرہی میں مبتلا تھی ۔پھر مشیت ایزدی اور رسول اعظم صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کے تحت حضرت خواجہ غریب نواز نے ہندوستان کا رخ فرمایا اور خدا بے زار ماحول میں دعوت و تبلیغ کا وہ عظیم فریضہ انجام دیا کہ دنیا اس کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ لاکھوں کروڑوں بندگان خدا آپ کی پاکیزہ تعلیمات سے مأاثر ہوکر دامن اسلام میں داخل ہوئے۔لہذا آیئے اس پاک طینت عظیم المرتبت بزرگ کے اخلاق و عادات کا مطالعہ کریں جن کی کوششوں کے نتیجے میں ہمیں اور آپ کو ایمان جیسی عظیم دولت نصیب ہوئی ہے۔ 



اخلاق و عادات
کثرت تلاوت قرآن : حضرت خواجہ غریب نواز قرآن پاک کے حافظ تھے ۔ روزانہ دو ختم قرآن کریم کی تلاوت کرتے تھے۔ ہر ختم کے بعد ہاتف غیبی آواز دیتا کہ ہم نے آپ کی تلاوت قرآن قبول کیا۔ (مونس الارواح ۔از: شہزادی جہاںآراء بیگم)
فکر و ریاضت: حضرت خواجہ غریب نواز کا معمول تھا کہ ہمیشہ باوضو رہتے۔ آپ کا وضو قضائے حاجت کے علاوہ کبھی فاسد نہ ہوتا۔ حضرت ہمیشہ آنکھیں بند کئے ہوئے مراقبہ میں رہتے جب آنکھیں کھولتے اور کسی فاسق پر آپ کی فیض اثر نگاہ پڑتی تو وہ گناہوں سے توبہ کرلیتا پھر گناہوں سے آلودہ نہ ہوتا۔ (مونس الارواح) 

بشارت بہشت: شہزادی جہاں آراء بنت مغل شہنشاہ شاہجہاں کہتی ہیں کہ میرے پیر دستگیر فرمایاکرتے تھے جو شخص معین اور معین الدین کے فرزندوں کا مرید ہوگا۔ معین الدین اس وقت تک جنت میں قدم نہیں رکھے گا جب تک ان مریدوں کو جنت میں نہ پہنچادے۔ لوگوں نے عرض کیا فرزندوں سے مراد کون لوگ ہیں؟ فرمایا فرزندوں سے مراد خلفا ہیں۔ قیامت تک جس شخص کا سلسلہ ارادت معین الدین تک پہنچے گا اسے نجات کی امید ہے۔ (مونس الارواح)

فیض صحبت: جو آدمی صدق دل کے ساتھ تین دن پیردستگیر خواجہ غریب نواز کی صحبت میں رہتا اللہ کا ولی اور صاحب کشف وکرامات ہوجاتا۔ (مونس الارواح) 
ہر شب زیارت کعبہ معظمہ: ہر رات حضرت خواجہ غریب نواز اجمیر سے خانہ کعبہ کے طواف کے لئے مکہ تشریف لے جاتے ۔ جولوگوں حج اداکرنے کیلئے مکہ میں موجود ہوتے حضرت کو طواف کرتے ہوئے دیکھتے ۔گھر والوں کو یہ گمان ہوتاکہ آپ حجرہ کے اندر عبادت میں مصروف ہیں۔ بالآخر یہ حقیقت ظاہر ہوئی کہ حضرت خواجہ غریب نوازہر رات مکہ مکرمہ تشریف لے جایاکرتے ہیں اور فجر کے وقت واپس آکر جماعت خانہ میں باجماعت نماز ادا فرماتے ہیں۔ (مونس الارواح) 

تعلیمات و ارشادات 
نماز بندہ اور خدا کے درمیان راز ہے: فرماتے ہیں نماز مومن کی معراج ہے جیساکہ حدیث شریف میں آیا کہ الصلوٰۃ معراج المومنین۔ بعدۂ آپ نے فرمایا کہ نماز ایک راز ہے جو بندہ اپنے پروردگار سے کہتا ہے۔ چنانچہ حدیث میں آیا ہے۔ المصلی یناجی ربہ۔ نماز پڑھنے والا اپنے رب سے راز کہتا ہے۔ نماز بندوں کیلئے خدا کی امانت ہے پس بندوں کو چاہئے کہ اس کا حق اس طرح اداکریں کہ اس میں کوئی خیانت پیدا نہ ہو۔ (دلیل العارفین از خواجہ قطب الدین ) 

سب سے پہلے نماز کا حساب: فرماتے ہیں میں نے خواجہ عثمان ہارونی کی زبان سے سنا ہے کہ قیامت کے روز سب سے پہلے نماز کا حساب انبیاء اولیاء اور ہر مسلمان سے ہوگا جواس حساب سے عہدہ براء نہیں ہوسکے گاوہ عذاب دوزخ کا شکار ہوگا۔ (دلیل العارفین)
بھوکے کو کھاناکھلانا: فرماتے ہیں جو بھوکے کو کھانا کھلاتا ہے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے اور جہنم کے درمیان سات پردے حائل کردے گا۔
(دلیل العارفین) 

جھوٹی قسم کھانا: فرماتے ہیں۔ جس نے جھوٹی قسم کھائی گویا اس نے اپنے خاندان کو ویران کردیا ادھر سے برکت اٹھالی جاتی ہے۔ (دلیل العارفین) 
قبرستان میں کھانا پینا: فرماتے ہیں۔ قبرستان میں عمداً کھانایاپانی پینا گناہ کبیرہ ہے جو عمداً (جان بوجھ کر) کھائے وہ ملعون ومنافق ہے کیونکہ قبرستان مقام عبرت ہے نہ کہ جائے حرص وہوا (یعنی قبرستان لالچ اور خواہش کی جگہ نہیں) (دلیل العارفین)۔ 

مسلمان کو ذلیل کرنا سب سے بڑاگناہ: فرماتے ہیں اس سے بڑھ کر کوئی گناہ کبیرہ نہیں کہ مسلمان بھائی کو بلاوجہ ستایا جائے اس سے خداورسول دونوں ناراض ہوتے ہیں۔ (دلیل العارفین) 
پانچ چیزوں کو دیکھنا عبادت ہے: فرماتے ہیں پانچ چیزوں کا دیکھنا عبادت ہے۔ (۱)اپنے والدین کے چہرے کو دیکھنا۔ (۲)کلام مجید کا دیکھنا۔ (۳)کسی عالم بزرگ کا چہرہ عزت واحترام سے دیکھنا۔ (۴)خانہ کعبہ کے دروازے کی زیارت اور کعبہ شریف دیکھنا۔ (۵)اپنے پیرومرشد کے چہرے کی طرف دیکھنا اور خدمت میں مصروف رہنا۔ (دلیل العارفین) 

سورہ فاتحہ تمام بیماریوں کی دوا ہے: فرماتے ہیں۔ سورہ فاتحہ تمام دردوں اور بیماریوں کے لئے شفا ہے جو بیماری کسی علاج سے درست نہ ہووہ صبح کی نماز کے سنت اور فرض کے درمیان اکتایس مرتبہ بسم اللہ اور سورہ فاتحہ پڑھ کر دم کرنے سے دورہوجاتی ہے۔ حدیث میں ہے الفاتحہ شفاء من کل داء۔ سورہ فاتحہ ہر بیماری کی دوا ہے ۔ (دلیل العارفین) 

اللہ کے دوستوں کی پہچان: فرماتے ہیں۔ میں نے اپنے پیر ومرشد حضرت خواجہ عثمان ہارونی سے سناکہ اگر کسی میں تین خصلتیں پائی جائیں تو سمجھ لوکہ اللہ تعالیٰ اسے دوست رکھتا ہے۔ وہ تین چیزیں یہ ہیں۔ (۱) سخاوت، دریا جیسی۔ (۲)شفقت مانند آفتاب (یعنی سورج کی طرح) (۳)تواضع۔ زمین کی طرح۔(دلیل العارفین) 
تین بہترین آدمی: فرماتے ہیں دنیا میں سب سے بہترین آدمی تین ہیں۔ (۱)عالم جو اپنے علم سے بات کہے۔ (۲) جو حرص(یعنی لالچ) نہ رکھے۔ (۳)وہ عارف جو ہمیشہ دوست کی تعریف وتوصیف کرے۔ (دلیل العارفین) 
حضرت خواجہ کی زندگی اسلام کی آبیاری اور خدمت خلق و ملت کے لیے وقف تھی غریبوں، محتاجوں، بے سہاروں کے ساتھ مشفقانہ برتاؤ فرماتے تھے۔ غریبوں کی دستگیری میں ہمہ تن سرگرم عمل رہتے تھے یہی وجہ ہے کہ آج بھی دنیا آپ کو غریب نواز کے نام سے جانتی اور مانتی ہے۔ اس عظیم داعی اسلام اور پاسبان سنت و شریعت کا وصال ۶؍ رجب المرجب ۶۳۳ہجری میں ہوا اور اجمیر شریف میں سپرد خاک ہوئے۔ آپ کے وصال فرمانے کے بعد لو گوں نے دیکھا کہ دست قدرت سے آپ کی پیشانی مبارک پر یہ تحریر لکھی ہوئی تھی ھذا حبیب اللہ مات فی حب اللہ

خدا کی رحمتیں ہوں اے امیر کارواں تجھ پر 
فنا کے بعد بھی باقی ہے شان رہبری تیری






Wednesday, 6 April 2016

Rahmat Wali Shaadiya

رحمت والی شادیاں

از: مبلغ اسلام مفتی محمد مجاہد حسین حبیبی


بلاشبہ شادی مرد وعورت کے درمیان رشتہ استوار کرنے کا پاکیزہ ذریعہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیاری سنت ہے جو نہ صرف اجنبی مردوعورت کو ایک کردیتی ہے بلکہ دونوں فریق کے نصف ایمان کی سلامتی کی ضمانت دیتی ہے ۔ دولہا دلہن کے علاوہ دوخاندان ایک ہو جاتے ہیں اس طرح شادی رحمت و برکت کا ذریعہ بن جاتی ہے۔محسن انسانیت رہبر اعظم صلی اللہ علیہ وسلم نے امت مسلمہ کو رحمت وبرکت والی شادی کے بارے میں الگ الگ مواقع پر دو بنیادی نکتے بتائے ہیں:پہلا بنیادی نکتہ: یہ ہے کہ شادی دین دار گھرانے میں کی جائے ۔ حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم ملاحظہ فرمائیں :حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :عورت سے چار چیزوں کے سبب نکاح کیا جاتا ہے۔ اس کی مالداری کے سبب، اس کے حسب ونسب کے سبب، اس کی خوب صورتی کے سبب اور دین داری کے سبب، تو تم دین داری کو ترجیح دو ورنہ ذلت ورسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ (صحیح مسلم، باب استجاب النکاح ذات الدین ، حدیث نمبر :۳۷۰۸)



دوسرا بنیادی نکتہ: آپ نے یہ بتایا کہ برکت والی شادی وہ ہوتی ہے جس میں کم سے کم خرچ ہوتا ہے۔ چنانچہ حدیث پاک ہے:ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: سب سے برکت والی شادی وہ ہوتی ہے جو سادگی اور کم خرچ سے کی جاتی ہے۔ (مسند احمد ،حدیث سیدۃ عائشہ ، حدیث نمبر:۲۴۵۷۳)

مسلمان جب تک ہادی عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی مذکورہ بالاہدایتوں کے مطابق شادی بیاہ کرتے رہے تو نہ صرف شادی اور نکاح اُن کے لیے رحمت ہوا کرتی تھی بلکہ پورے خاندان کے لیے رحمت کا سبب بن جایا کرتی تھی۔ فی زمانہ لڑکی اور لڑکے کے لیے رشتہ تلاش کرنے والے دین داری کو طاق نسیاں پر چھوڑبیٹھے ہیں ۔ اکثرماں باپ رشتہ کرتے وقت مالداری ، خوب صورتی اور خاندانی عظمت ہی کو پیش نظر رکھا کرتے ہیں ۔ ابتداً یہ چیزیں اچھی لگتی ہیں لیکن شادی کے کچھ زمانہ کے بعد دین داری کو پس پشت ڈالنے کے سبب طرح طرح کے فتنے رونما ہونے لگتے ہیں ان فتنوں کے سبب نہ صرف یہ کہ میاں بیوی کی زندگی اجیرن ہوجاتی ہے بلکہ پورا خاندان سخت قسم کے اضطراب اور فتنوں میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ پھر میاں بیوی کے درمیان کہا سنی ، مارپیٹ ، نااتفاقی ، طلاق ، خود کشی اور دوسری مصیبتیں پے در پے پہ دستک دینے لگتی ہیں۔ یہ تو پہلی ہدایت کو اَن دیکھی کرنے کی سزا ہے جس سے اکثر گھراور خاندان دو چارہیں اور دوسری ہدایت جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمائی کہ: برکت والی شادی وہ ہوتی ہے جس میں کم سے کم خرچ ہو۔

تاریخ گواہ ہے کہ فرمان رسول کی برکت یہ رہی کہ نکاح اور شادی کبھی بوجھ اور دشوار نہ بنی ،لڑکے اور لڑکیاں جیسے ہی سن شعورپہ قدم رکھتے تھے والدین انتہائی سادگی کے ساتھ گھر والوں کی موجودگی میں لڑکا یا لڑکی کا عقد کردیا کرتے تھے ۔ جس کے حسب ذیل فوائد تھے : لڑکیوں کو کبھی ماں باپ بوجھ نہیں سمجھتے تھے اور نہ لڑکی کے پیدا ہونے کے سبب انہیں کسی طرح کا غم ہوتا تھا،نہ لڑکیوں کا قتل ناحق ہوتاتھا، نہ شادی بیاہ کے وقت وہ زیر بار ہوتے تھے، نہ لڑکیوں کی جوانیاں ضائع ہوتی تھیں اور نہ ان کے غم میں بوڑھے ماں باپ خود کشی کرتے یا راہ فرار اختیار کرتے تھے اور نہ لڑکیوں کو بیچا جاتا تھا بلکہ فرمان رسول پہ عمل کی برکت سے کوئی لڑکی بن بیاہی نہیں رہتی تھی ۔لیکن جب سے مسلم معاشرہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات سے انحراف اور اَن دیکھی کارجحان پیدا ہوا گھر ،خاندان اور معاشرہ متعدد برائیوں میں جکڑچکا ہے اب تو سادگی اور کم خرچ کی شادی کے بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا ہے ۔ فی زمانہ اوسطاً ایک شادی پر تین چار لاکھ روپے خرچ ہورہے ہیں اور امیر کبیر لوگوں میں تو کروڑوں خرچ ہوجاتے ہیں ۔ اب ظاہر ہے کہ جب شادی میں لاکھوں کروڑوں خرچ ہوں گے تو اتنی بڑی رقم کا بروقت سبھوں کے لیے انتظام ہوپانا کوئی آسان کام نہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ شادیوں کی مہنگی ہونے کے سبب معاشرہ میں طرح طرح کی خرابیاں پیدا ہورہی ہیں جن میں سے چند حسب ذیل ہیں : بڑی تعداد میں لڑکے اور لڑکیوں کی جوانیاں تباہ ہورہی ہیں ۔ وقت پہ شادی یا نکاح نہ ہوپانے کے سبب سماج اور معاشرے میں جنسی آوارگی اور بے راہ روی بڑھ رہی ہے ۔ بہتوں چھپ چھپا کر ناجائز تعلقات اور زنا وبدکاری جیسے گناہ کبیرہ میں مبتلا ہوکر اللہ ورسول کی ناراضگی ولعنت میں زندگی تباہ کررہے ہیں ۔ نوجوان لڑکیوں میں خود کشی کا رجحان پیدا ہورہا ہے ۔ بسا اوقات ناجائز پیار ومحبت کے جھانسے میں آکر گھر سے راہ فرار اختیار کرکے لڑکیاں اپنی دنیا وآخرت ، عفت وعصمت کا گوہر لٹاکر خود کو تباہ کررہی ہیں۔ایسے میں بوڑھے ماں باپ بھی خود کشی جیسے سنگین اقدام کر بیٹھتے ہیں ،اور کبھی حالات سے تنگ آکر اپنے ہی ہاتھوں لڑکی کو قتل کر دیتے ہیں۔ غرض یہ کہ مہنگی شادیاں سراسر زحمت اور لعنت بن کر پورے سماج اور معاشرے کو گناہ اور بدکرداریوں کی طرف لے جارہی ہیں ۔ جوانیاں تباہ اورآخرت برباد ہورہی ہیں مگر لوگ اپنی جھوٹی شان اور ناجائز رسومات کی خاطر خواب خرگوش میں مبتلاہیں عام لوگ تو عام لوگ ہیں، جو خواص اور اہل علم ہیں وہ بھی خاموش ہیں جب کہ ان کی مذہبی ودینی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ معاشرہ کی اصلاح اور ناجائز رسومات کے سد باب کے لیے ہمہ تن تیار ہوکر میدان عمل میں آئیں اور برائیوں کے خلاف سینہ سپر ہوجائیں ۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے کہ جب برائیاں بڑھ رہی ہوں اور فتنے سر اٹھارہے ہوں ایسے وقت میں اگر عالم اپنے علم کا اظہار نہ کرے اور معاشرہ کی اصلاح کی کوشش نہ کرے تو اللہ تعالیٰ ایسے علما کی نہ تو کوئی فرض عبادت قبول فرماتا ہے اور نہ نفلی عبادت بلکہ ان پر اللہ کی، اس کے رسولوں کی ،فرشتوں کی اور تمام لوگوں کی لعنت برستی ہے۔(کنز العمال)

لہٰذا علما کو اصلاح حال کے لیے فوراً سامنے آنا چاہیے اور حتی الامکان ومقدور کوشش کرنی چاہیے۔ ساتھ ہی اہل ثروت کو بھی اپنی اصلاح کی طرف توجہ دینی چاہیے کیوں کہ اکثر دنیاوی معاملات اور رسومات کو اپنانے میں لوگ اپنے درمیان روپے پیسے والے بڑے لوگوں کی ہی پیروی کرتے ہیں اور خود رسول اعظم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری امت کے دو گروہ جب تک راہ راست پر رہیں گے امت کا معاملہ ہمیشہ درست رہے گا اور جب وہ بگاڑ کا شکار ہوں تو امت بھی بے راہ روی کا شکار ہوجائے گی وہ دوگروہ علما اور اہل ثروت کی ہے۔(کنز العمال)
اب اگر ہر فریق نے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور دیانت کے ساتھ انہیں ادا کرے تو امید ہے کہ معاشرہ میں پھیلی یہ برائی ضرور مٹ جائے گی یا قدرے کم ہو گی اور صحیح معنوں میں شادیاں رحمت بن کر فرد اور معاشرے کی اصلاح کا ذریعہ بن جائیں گی،جس کے سبب انشاء اللہ تعالیٰ ہزاروں لاکھوں جوانیاں تباہ ہونے سے محفوظ رہیں گی ۔خدا را !اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور اصلاح حال کے لیے تیار ہوجائیں۔

طریق مصطفےٰ کو چھوڑنا ہے وجہ بربادی                  اسی سے قوم دنیا میں ہوئی بے اقتدار اپنی 

ہمیں کرنی ہے شہنشاہ بطحا کی رضا جوئی                  وہ اپنے ہوگئے تو رحمت پروردگار اپنی

N.B. : This Artical is published in  Akhbar e Mashriq the leading Urdu Daily of Kolkata on 06-04-2016. http://akhbaremashriq.com/kolkata_epaper/page_8.html